ٹیکنالوجی کمپیوٹر

ایکس کی اسمارٹ ٹی وی ایپ متعارف کرانے کی تیاری

کیلیفورنیا: سماجی رابطے کا پلیٹ فارم ایکس اسمارٹ ٹی وی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایپلی کیشن متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔

ایکس کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر لِنڈا یاکارینو نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ جلد ہی کمپنی صارفین کے اسمارٹ ٹی وی کے لیے ایک ٹی وی ایپ کے ساتھ کونٹینٹ متعارف کرانے جا رہی ہے۔ اس طریقے سے صارفین بڑی اسکرین پر اعلیٰ معیاری تفریح حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ اسمارٹ ٹی وی کے لیے ایک ایپ ٹرینڈنگ ویڈیو کے الگوردم کا استعمال کرے گی تاکہ صارفین مقبول مواد سے اپ ڈیٹ رہ سکیں اور ویڈیو کو عنوان سے ترتیب دینے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے۔ صارفین ایپ کو استعمال کرتے ہوئے موبائل ڈیوائس سے بڑی اسکرین پر کاسٹ کر سکیں گے۔
یاد رہے 2022 میں ایلون مسک نے ایکس کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا جس کے بعد سے پلیٹ فارم میں کونٹینٹ پالیسیوں، برانڈنگ اور الگوردم میں واضح تبدیلیاں لائی گئیں ہیں۔