لاہور ہائی کورٹ نے صدر پاکستان تحریک انصاف پرویز الہٰی، ان کے بیٹے راسخ الہٰی اور بہو زارا الٰہی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
واضح رہے کہ 28 جون کو وفاقی حکومت نے صدر تحریک انصاف پرویز الہٰی کا نام پی سی ایل میں ڈال دیا تھا جسے انہوں نے عدالت میں چیلنج کردیا تھا۔
درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ وفاقی حکومت نے غیر قانونی طور پر نام پی سی ایل میں شامل کیا، پرویز الہٰی کو عمرے کی ادائیگی کے لیے جانا ہے نام ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا ہے۔
پرویز الہٰی نے استدعا کی کہ لاہور ہائی کورٹ نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے درخواستوں کی مخالفت کی تھی۔