اسلام آباد

عمران خان کی بیٹوں سے ہر ہفتے واٹس ایپ پر بات کرانے کی درخواست مسترد

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان کی بیٹوں سے ہفتہ میں ایک دفعہ واٹس ایپ پر بات کروانے کے لیے دائر درخواست مسترد کردی گئی۔

عمران خان کی بیٹوں سے ہفتہ میں ایک دفعہ ٹیلی فونک ملاقات کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے کی۔

درخواست پر اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے جواب داخل کروا دیا گیا جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ جیل مینوئیل کے مطابق کسی ملزم کی واٹس ایپ پر رشتہ داروں سے ملاقات کا قانون موجود نہیں ہے۔

اس میں کہا گیا کہ عدالتی حکم کے مطابق سابق وزیراعظم کی مہینے میں 2 مرتبہ بیٹوں سے بات کروائی جاتی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ہفتے میں ایک مرتبہ واٹس ایپ پر عمران خان کی اپنے بیٹوں سے بات کروانے کی استدعا مسترد کر دی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی۔

واضح رہے کہ 30 مئی کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان سے بیٹوں کی بات کرانے کا حکم دے دیا تھا۔