منڈی بہاؤالدین وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام کاشت کاروں کوسموگ کنٹرول پروگرام کے تحت 60فیصد سبسڈی پرزرعی آلات کی فراہمی کیلئے ضلع کونسل ہال میں قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر رہنما مسلم لیگ ن مشاہد رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، کسانوں اور کاشت کاروں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے احکامات کے مطابق پنجاب بھر میں 5ارب روپے کی لاگت سے 5ہزار سپر سیڈر اور 2ہزار رائس سٹرشریڈر کسانوں میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ جدید زرعی آلات کے استعمال سے کسان اپنی اوسط پیداوار میں زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکیں گے۔ان کا مذید کہنا تھا کہ آج کی تقریب میں کسانوں کو سبسڈی پر زرعی آلات جن میں سپرسیڈر /پاک سیڈر اور رائس سٹراشریڈر قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے بتایا کہ محکمہ زراعت (توسیع) کوکسانوں کی جانب سے زرعی آلات کے حصول کیلئے 860درخواستیں موصول ہوئیں ، جن میں سے 438 درخواستیں منظور ہوئیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے 378 خوش نصیب کاشت کاروں کو سپرسیڈر تقسیم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر کاشت کاروں نے قرعہ اندازی کی شفافیت اور حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسی کو خوب سراہا۔
