ڈنگہ کھاریاں

ڈنگہ پولیس نے اندھے قتل کی واردات ٹریس کرلی ، سلونی بٹ کا قاتل گرفتار ، ملزم کا اعتراف جرم

گجرات پولیس تھانہ ڈنگہ نے اندھے قتل کی ایک اور واردات ٹریس کرلی۔سلونی بٹ کا قاتل محمد علی ساکن امرہ کلاں آلہ قتل سمیت گرفتار، تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈنگہ کے علاقہ امرہ کلاں کی رہائشی سلونی بٹ دختر ریاض بٹ کی گزشتہ ماہ سیم نالہ ڈنگہ سے نعش برآمد ہوئی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ تھانہ ڈنگہ انسپکٹر مجاہد عباس پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری جائے وقوعہ پرپہنچ گئے ۔بعد ازاں تھانہ ڈنگہ میں مقتول کے خاوند ناصر ندیم کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔واقعہ کے متعلق سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کئے جھوٹی خبر شیئر کی گئی کہ لاہور کی نامور سٹیج اداکارہ اور ڈانسر سلونی بٹ کو ڈنگہ میں قتل کردیا گیا۔دراصل ڈنگہ میں قتل ہونے والی سلونی بٹ سٹیج اداکارہ اور ڈانسر نہ تھی۔بلکہ نام کی مماثلت کی وجہ سے یہ غیر مصدقہ خبرسوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر نے اس اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات کو ٹریس کرنے اور سفاک قاتلوں کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی کھاریاں سرکل ملک عرفان صفدرکی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ انسپکٹر مجاہد عباس کو خصوصی ٹاسک دیااور ہدائیت کہ قاتلوں کو جلد ازجلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔جو تفتیشی ٹیم نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔ پولیس ٹیم نے انتہائی قلیل عرصہ میں جانفشانی سے اندھے قتل کی واردات کو ٹریس کرکے سفاک قاتل کو آلہ قتل پسٹل 30بورسمیت گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم محمد علی ولد اشتیاق احمد ساکن امرہ کلاں نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔
ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر کا کہناہے کہ سفاک قاتل کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور مقتولہ کے لئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔