فوجی عدالتوں میں شہری ٹرائلز کے کیس کی سماعت کرنے والے 7 ججز میں سے 2 نے بینچ کے 8 جولائی کے اس حکم کی مخالفت کی جس میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایل ایچ سی بی اے) اور لاہور بار ایسوسی ایشن (ایل بی اے) کو مقدمے میں شامل کرلیا گیا تھا، ان میں سے ایک نے کہا کہ یہ معاملہ خالصتاً قانون کے حوالے سے ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسوسی ایشن کی درخواستوں کو یہ کہتے ہوئے منظور کرنے کی اجازت دی تھی کہ ان درخواستوں کو قبول کرنے میں کوئی حرج نہیں کیونکہ سینئر وکلا 23 اکتوبر 2023 کے حکم کے خلاف انٹرا کورٹ سماعت کے دوران درست نتیجے پر پہنچنے میں عدالت عظمیٰ کی مدد کرسکتے ہیں۔
5 رکنی بینچ کے 23 اکتوبر کے حکم نے 9 مئی کے تشدد میں ملوث فوجی عدالتوں کے ذریعے عام شہریوں کے ٹرائل کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
لیکن الگ الگ نوٹس میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس شاہد بلال حسن نے اکثریتی حکم کی مخالفت کی۔
اپنے نوٹ میں شاہد جسٹس وحید نے وضاحت کی کہ آنٹرا کورٹ اپیل میں شکایت کی گئی کہ پاکستان آرمی ایکٹ (پی اے اے) 1952 کے سیکشن 2 (1) (d) اور سیکشن 59 (4) کی قانونی حیثیت کا اصل بینچ نے درست طریقے سے تعین نہیں کیا تھا۔
پی اے اے کی دفعہ 2(1)(d)(i) کہتی ہے کہ وہ افراد جو دوسری صورت میں پی اے اے کے تابع نہیں ہیں اگر ان پر کسی فوجی افسر کو اس کی ڈیوٹی یا حکومت سے وفاداری سے بہکانے یا بہکانے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا گیا تو وہ اس کے تابع ہو جائیں گے۔
اسی طرح، سیکشن 2(1)(d)(ii) کہتا ہے کہ اگر ان افراد نے دفاع، ہتھیاروں، بحری، فوجی یا فضائیہ کے قیام یا اسٹیشن، جہاز یا ہوائی جہاز یا کسی بھی کام کے سلسلے میں جرم کا ارتکاب کیا ہے تو پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت ان پر مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔
سیکشن 59(4) کہتا ہے کہ کوئی بھی شخص جو پی اے اے کے تابع ہوگا اس ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
جسٹس شاہد وحید نے مشاہدہ کیا کہ یہ مسئلہ قانون کاہے اور چونکہ پی اے اے ایک وفاقی قانون سازی ہے، اس لیے اس کی درستگی کے سوال کا فیصلہ فیڈریشن آف پاکستان کی موجودگی میں مؤثر اور مکمل طور پر کیا جا سکتا ہے۔
اس بات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ کیا درخواست دہندگان کو حالات کے تحت عدالت کے سامنے اٹھائے گئے قانون کے سوال کا تعین کرنے کے لیے عوامی مفاد میں مدد فراہم کرنے کے لیے اپیل کی کارروائی میں شامل ہونے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
دریں اثنا، جسٹس شاہد بلال حسن نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار 23 اکتوبر کے فیصلے سے ناراض نہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے انٹرا کورٹ اپیل میں بطور جواب دہندہ شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔