جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل جنرل کے باہر افغان باشندوں نے ہنگامہ آرائی کی، پتھراؤ کیا اور پاکستانی پرچم بھی اتار دیا جس پر پاکستانی سفارتی حکام نے واقعہ پر شدید احتجاج کیا ہے۔
نیوز کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا اور پاکستانی پرچم اتارنے کا افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق افغان باشندوں نے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش بھی کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکام نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
پاکستانی سفارتی حکام نے افسوسناک واقعے پر جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے، اس معاملے پر بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کے معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔
جرمن حکام نے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔