آل پاکستان سیمنٹ ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن نے سیمنٹ انڈسٹری پر بے جا ٹیکسز کے خلاف آج رات 12 بجے سے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سیمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھاری ٹیکسز سے سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور ڈیلرز کو پوائنٹ آف سیلز کے نام پر ایف بی آر کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیمینٹ ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ رات 12 بجے کے بعد ڈیلرز اور ڈسٹری بیوٹرز فیکٹریوں سے سیمنٹ نہیں اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے وفاقی بجٹ میں سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایک روپے اضافہ کیا گیا تھا، حکومت نے سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی فی کلو 3 روپے سے بڑھاکر 4 روپے کی تھی۔
سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کے بعد نئی مالی سال کے پہلے ہی ہفتے میں سیمنٹ کی 50 کلو بوری کی قیمت میں 207 روپے تک اضافہ کردیا گیا تھا۔
جس کے بعد سیمنٹ کی بوری کی نئی قیمت 1500 روپے تک پہنچ گئی ہے، جب کہ لاہور اور پشاور میں دیگر شہروں کے مقابلے میں سیمنٹ کی قیمتیں سب سے زیادہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیمنٹ کی قیمتیں بڑھنے سے تعمیراتی شعبے کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ ہوا، سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گھروں اور فلیٹس کی تعمیراتی لاگت مزید بڑھ جائے گی۔